اپوزیشن کا ڈپٹی سپیکرقانون ساز اسمبلی کیخلاف عدالت سے رجوع کا فیصلہ

Published On 19 April,2023 09:29 am

مظفر آباد: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر کو 5 روز گزرنے کے باوجود نیا وزیراعظم نہ مل سکا۔

ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی کی جانب سے بار بار اجلاس ملتوی کرنے کے خلاف متحدہ اپوزیشن نے آج آزاد کشمیر ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

گزشتہ روز بھی ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی چودھری ریاض نے اجلاس ملتوی کردیا تھا جس کی وجہ سے نئے قائد ایوان کا انتخاب نہیں ہوسکا تھا۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس آج دوپہر 2 بجے پھر ہوگا، ڈپٹی سپیکر کی جانب سے تاخیری حربوں کو ناکام بنانے کے لیے متحدہ اپوزیشن نے فائنل راؤنڈ کی تیاریاں مکمل کرلیں ہیں۔

گزشتہ روز بھی نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لئے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ملتوی کردیا گیا، قانون ساز اسمبلی پانچویں روز بھی نئے وزیراعظم کا انتخاب نہ کرسکی۔

افطار کے بعد اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو ڈپٹی سپیکر چودھری ریاض اجلاس ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہی ایوان سے بھاگ گئے۔

پی ٹی آئی کے اراکین نے بھی ایوان سے دوڑ لگا دی، اجلاس ملتوی ہونے پر متحدہ اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا۔

مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 7 گھنٹے کی تاخیر کے بعد شروع ہوا تھا۔

دوسری جانب آزاد کشمیر ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی جانب سے دائر پٹیشن کی سماعت بھی آج ہوگی۔