آزاد کشمیر میں نئے قائد ایوان کا انتخاب نہ ہونے پر عدالت میں درخواست دائر

Published On 18 April,2023 02:50 pm

مظفرآباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر میں نئے قائد ایوان کا انتخاب نہ ہونے پر عدالت عالیہ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

درخواست 3 وکلا کی جانب سے صدر آزاد کشمیر، بار ایسو سی ایشن اور پارلیمانی سیاسی جماعتوں کو فریق بنا کر جمع کروائی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ نئے قائد ایوان کے انتخاب کیلئے مسلسل تاخیری حربے اختیار کیے جا رہے ہیں، عدالت نئے وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کیلئے حکم جاری کرے۔

‎درخواست کے مطابق آزاد کشمیر کے عبوری آئین 1974ء میں درج ہے کہ قانون ساز اسمبلی اجلاس کے دوران وزیراعظم کا عہدہ خالی ہو جائے تو اسمبلی فی الفور وزیر اعظم منتخب کرنے کیلئے قاعدہ 15 کے مطابق کارروائی کرے۔

قاعدہ 15 کے مطابق جاری اسمبلی اجلاس میں وزیر اعظم کے انتخاب کا شیڈول جاری کیا جاتا ہے۔

‎درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ سپیکر قانون ساز اسمبلی کو پابند کیا جائے کہ وہ آزاد جموں و کشمیر کے آئین کی رو سے وزیر اعظم کی معزولی اور نااہلی کے بعد جاری اسمبلی اجلاس میں مزید وقت ضائع کیے بغیر نئے وزیر اعظم کا انتخاب عمل میں لائے۔