بلوچستان ہائیکورٹ نے گیس بلوں میں اضافی چارجز وصولی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا

Published On 19 April,2023 04:38 pm

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان ہائی کورٹ نے ایس ایس جی سی کی جانب سے گیس کے بلوں میں اضافی چارجز وصول کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے دیا۔

بلوچستان ہائی کورٹ میں اضافی گیس بلوں کے حوالے آئینی درخواست کی سماعت جسٹس کامران ملاخیل اور جسٹس احمد حلیمی نے کی، دلائل سننے کے بعد عدالت عالیہ نے گیس بلوں میں سابقہ چارجز وصولی کرنے سے متعلق 15 فروری کو جاری ہونے والا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا۔

عدالت نے گیس کمپنی ، سیکرٹری اوگرا اور وفاقی وزارت توانائی کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو 15 مئی کو طلب کر لیا، عدالت نے کہا کہ 2021 اور 2022 میں اضافی چارجز سے متعلق جو فیصلے دیئے اُن پر عملدرآمد نہیں ہوا۔

عدالت نے گیس حکام کو پابند کیا کہ آئندہ احکامات تک بلوں کی عدم ادائیگی پر گیس کا میٹر نہ اتاریں، آئینی درخواست ایڈووکیٹ نذیر آغا ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی تھی، سابقہ چارجز کے نام پر صارفین سے گیس بلوں میں اضافی رقوم وصول کی جا رہی تھیں۔