اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں مفتی عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر مارنے والے ڈرائیور سمیت 3 ملزموں کو عدالت پیش کیا گیا۔
حادثے کے بعد ڈرائیور راؤ گل خان، ارشد خان اور غلام شبیر کو پولیس نے گرفتار کیا تھا، تینوں ملزموں کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر انہیں ڈیوٹی مجسٹریٹ عباس شاہ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
دوران سماعت پولیس کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان سے جسمانی ریمانڈ کے دوران تفتیش مکمل کر لی گئی ہے، مزید جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں، جوڈیشل کر دیا جائے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے کیس میں لگی دفعات قابل ضمانت ہونے پر ملزمان کو ضمانت پر رہا کر دیا، عدالت نے ملزمان کو ایک ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔