لاہور: (دنیا نیوز) حکومت نے مرحوم وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور کو سول اعزاز ہلال امتیاز سے نوازنے کا فیصلہ کر لیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور مرحوم کو غیرمعمولی عوامی خدمات پر بعد از مرگ ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا، وزیر اعظم شہباز شریف نے سول اعزاز دینے کی منظوری دیتے ہوئے کابینہ ڈویژن کو سمری تیار کرنے کی ہدایت کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، مفتی عبدالشکور کی وفات پر تعزیت کی
علاوہ ازیں مفتی عبدالشکور کے انتقال پر تعزیت کیلئے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، وفاقی وزراء وزیر خواجہ آصف، خرم دستگیر، شیری رحمان، عبدالقادر پٹیل، شاہ زین بگٹی، سردار احسان مزاری، خورشید جونیجو، جاوید علی شاہ نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اور مرحوم کے بلند درجات کیلئے فاتح خوانی اور دعائے مغفرت کی۔
وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام، رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالاکبر چترالی ، ناصر موسی زئی، میاں افتخار حسین، زاہد خان نے بھی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کر کے مفتی عبدالشکور کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور ان کے انتقال کو پاکستان اور پارلیمان کیلئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔