لاہور: (دنیا نیوز) امیرِجماعتِ اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وفاق اور صوبوں میں ایک ساتھ انتخابات کرائے جائیں، سیاسی قائدین کو کسی ایک تاریخ پر متفق ہونا پڑے گا۔
سراج الحق نے منصورہ میں نمازِ عید کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے 14 مئی کا پنجاب میں الیکشن کروانے کا فیصلہ کیا ہے، زمینی حقائق یہ ہیں کہ اس طرح ملک میں انتشار پیدا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صرف پنجاب اور کے پی میں الیکشن کوئی قبول نہیں کرے گا، ہمارا مطالبہ ہے وفاق اور صوبوں میں ایک ساتھ الیکشن کروایا جائے، الیکشن کسی ایک پارٹی لیڈر کے کہنے پر نہیں ہوگا، ملک کو دلدل سے نکالنے کا واحد راستہ باہمی مشاورت ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنا پڑے گا۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ بلوچستان حکومت سے مطالبہ ہے مولانا ہدایت الرحمٰن کو رہا کیا جائے، مولانا ہدایت الرحمٰن کو رہا نہ کیا گیا تو یکم مئی کو ملک گیر احتجاج کریں گے۔