عید پر ہلکی بارش سے لاہور کا موسم خوشگوار، شہریوں کی خوشی دوبالا

Published On 22 April,2023 10:40 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور شہر میں آج صبح ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ عید الفطر کے پہلے روز ہر چہرہ کھل اٹھا اور شہریوں کی خوشی دوبالا ہوگئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں ہلکی بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارش کا امکان ہے، آج صبح ہی گلبرگ، گڑھی شاہو، جیل روڈ، فیروز پور روڈ سمیت دیگر علاقوں میں بوندا باندی سے موسم اچانک بدل گیا اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ مغرب سے آنے والی ہواؤں اور بادلوں نے آسمان اور فضاء کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔