لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں لگنے والا پاکستان کا پہلا میاواکی جنگل دیکھ بھال کے لئے پی ایچ اے کے حوالے کر دیا گیا۔
پاکستان کے پہلے پبلک پرائیویٹ اور سول سوسائٹی کے مشترکہ اشتراک سے لگنے والے میاواکی جنگل کے جملہ انتظامات کیلئے لبرٹی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں پبلک پرائیویٹ اور سول سوسائٹی کے عہدیداران نے لبرٹی میاواکی جنگل کو پی ایچ اے لاہور کی زیر نگرانی دے دیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ نے لاہور کا پارکنگ نظام ڈیجیٹلائز کرنے کی منظوری دیدی
تقریب میں میاواکی جنگل کے جملہ انتظامات کو باقاعدہ طور پر پی ایچ اے کے حوالے کیا گیا، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے صفی اللہ گوندل نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ لبرٹی میں پاکستان کے پہلے میاواکی جنگل کو ماحول کی بہتری کیلئے تین سال قبل 11 کنال پر لگانے کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔
میاواکی جنگل میں 10 ہزار درختوں کی شجرکاری کی گئی تھی جو آج بڑے درختوں میں تبدیل ہو چکی ہے، پی ایچ اے نے شہر لاہور کے انوائرمنٹ کو بہتر بنانے اور ماحول کو خوشگوار بنانے کیلئے 53 میاواکی جنگل لگائے ہیں۔
سی ای او اظہار گروپ شیراز منو کا کہنا تھا کہ حکومت کے شکر گزار ہیں، اچھا آئیڈیا تھا، جب میاواکی جنگل لگایا تو 50 مزید جنگل بنائے گئے، میاواکی جنگل آلودگی کو کم کرتا ہے اور ایسے منصوبے شہر کے لیے بہترین ثابت ہوتے ہیں۔
تقریب میں سی ای او ری سٹور اربن ڈویلپمنٹ بلال اختر چودھری، ترجمان اربن فاریسٹ سٹیشن لاہور عطیہ نون، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پی ایچ اے موسیٰ علی بخاری، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر علی شاہ نواز نے شرکت کی۔