ایس او ایس چلڈرن ویلیج جیسے اداروں میں آکرانسان اور پرسکون ہو جاتا ہے، بیگم ثمینہ عارف علوی

Published On 18 April,2023 10:18 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ ایس او ایس چلڈرن ویلج جیسے اداروں میں آکرانسان اور پرسکون ہو جاتا ہے، یہاں پر باقاعدہ گھر، ماں اور بچے کا ماحول دیا گیا ہے۔

ایس او ایس چلڈرن ویلیج میں رہائش پذیر بچے اور بچیوں کے ساتھ افطاری کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ میرے لئے یہ انتہائی مسرت کا موقع ہے کہ میں ان بچوں کے ساتھ افطاری کر رہی ہوں۔

انہوں نے بچوں کو کامیابی کی دعائیں دیتے ہوئے کہا کہ محنت اور لگن سے کامیابی سے آگے بڑھیں، ایس او ایس چلڈرن ویلیج ایک ماڈل ادارہ ہے جو اس شعبے میں خدمات سر انجام دینے والوں کے لئے مشعل راہ ہے۔

خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ اس سے قبل بھی یہاں آئی ہوں، ان بچوں کے ساتھ بیٹھنے سے دلی سکون اور راحت ملتی ہے، وہ بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ان کے ٹیبل پر گئیں، خیریت دریافت کی اور تعلیمی سرگرمیوں بارے استفسار کیا۔

ایس او ایس چلڈرن ویلیج کے بچوں نے کووڈ 19 کے دوران خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی کے یہاں کے دورے کا ذکر کیا تو انہوں نے بچوں کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھتے ہوئے کہا کہ میں ہمیشہ یہاں آتی رہوں گی۔

ایس او ایس چلڈرن ویلیج کی انچارج میڈم فریحہ نے بتایا کہ یہاں 15 فیملی ہومز ہیں جہاں پر 106 بچے اور بچیاں رہائش پذیر ہیں۔

انہوں نے بچوں کی پرورش میں اپنا کردار ادا کرنے پر فرینڈز آف ایس او ایس کا بھی شکریہ ادا کیا، انہوں نے بچوں کا بتایا کہ عید الفطر کے لئے خاتون اول نے تمام بچوں کیلئے عیدی دی ہے۔