کراچی چڑیا گھر میں کئی دنوں سے بیمار ہتھنی نور جہاں چل بسی

Published On 22 April,2023 12:24 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے چڑیا گھر میں کئی دنوں سے بیمار ہتھنی انتقال کر گئی جس کی تصدیق ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان نے کی۔

ڈاکٹر سیف الرحمان کے مطابق کل سے ہتھنی نورجہاں بخار میں مبتلا تھی جسے بچانے کے لیے تمام کوششیں کی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ نور جہاں کا علاج عالمی ماہرین کی زیر نگرانی میں کیا گیا، گزشتہ دنوں ہتھنی کے علاج کے لیے فورپاز کی ٹیم بھی کراچی آئی تھی۔ 

ڈائریکٹر کراچی چڑیا گھر کنور ایوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نور جہاں کی طبیعت نومبر سے خراب تھی، فورپاز کی ٹیم کل کراچی پہنچ رہی ہے، فورپاز کی ٹیم خود ہتھنی کا پوسٹ مارٹم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہتھنی نور جہاں کی تدفین کا فیصلہ کیا جائے گا، فورپاز اور پاکستانی ٹیم نے ہتھنی کو بچانے کی کوششیں کیں۔

کنور ایوب کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز سے ہتھنی نور جہاں کی طبیعت زیادہ خراب تھی۔