4 گھنٹے دیں آٹے کی قیمت 110 سے 105 تک لے آؤں گا: گورنر سندھ

Published On 19 April,2023 08:52 am

کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ مجھے صرف 4 گھنٹے دیں تو میں آٹے کی قیمت 110 سے 105 تک لے آؤں گا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری بفرزون بلاک 15 میں روڈ پر سحری کرنے پہنچ گئے اور لوگوں کے ساتھ سحری کی، گورنر سندھ کو اپنے درمیان دیکھ کر لوگ خوش ہوگئے لوگوں نے گورنر کے ساتھ لوگوں نے تصاویر بھی بنوائیں۔

گورنر سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب مجھے اس شہر اور صوبے کے کام ہوتے نظر آرہے ہیں، کراچی کو آئی ٹی سٹی بنائینگے، لوگوں کو کاروبار سکھائیں گے۔

کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو خط لکھ کر پوچھیں گے کہ سڑکوں کی تعمیر کے لئے پیسے کس کو دئیے، سڑکیں کیوں نہیں بنیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر ٹاؤن میں رضاکاروں کی ایک ٹیم جمع کررہے ہیں، رضاکار لوگوں کے مسائل کے بارے میں آگاہ کرینگے، اگر حکومت نے مسائل حل نہ کئے تو ہم کرینگے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کسی کے ساتھ کالج، یونیورسٹی، ادارے میں زیادتی ہو تو وہ گورنر ہاؤس کی گھنٹی بجائے، گھنٹی وہ بجائیگا اور گھنٹا ہم بجائینگے۔

انہوں نے کہا کہ ایڈوائزری کمیٹی بنارہا ہوں، کمیٹی میں علماء مشائخ، ڈاکٹر، انجینئرز ہونگے جو بھی اس شہر اور صوبے کی بہتری کے لئے مشورہ دیگا اس پر کام کرینگے۔

گورنر نے کہا کہ ہر 15 دن بعد کھلی کچہری ہوگی، کسی بھی صنعتکار کے پلاٹ کے ٹرانسفر کا مسئلہ ہو یا کوئی اور مسئلہ ہو تو وہ گونر ہاؤس میں رابطہ کرے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹوٹل ایکسپورٹ کا 54 فیصد حصہ کراچی کرتا ہے لیکن ای ڈی ایف فنڈ سے کراچی کو ایک روپیہ نہیں ملتا، میں وزیراعظم، کامرس منسٹر سے ملوں گا اور ای ڈی ایف فنڈ کی بات کروں گا، اگر ہمیں ای ڈی ایف فنڈ مل جائے تو ہمیں کسی کی ضرورت نہیں۔