کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے عید کے بعد دوسرے مرحلے میں 25 ایکڑ تک والے صوبے کے کاشتکاروں کو گندم بیج کی سبسڈی رقم دینے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کے مشیرزراعت منظور وسان نے کہا ہے کہ عید کے بعد دوسرے فیز کے 25 ایکڑ تک والے کاشتکاروں کو گندم کے بیج کی رقم دی جائے گی، ساڑھے 12 ایکڑ تک والے کاشتکاروں کو بیج سبسڈی فراہمی کی رقم کا سلسلہ 24 اضلاع میں جاری ہے۔
منظوروسان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں اب تک 1 لاکھ 41 ہزار 518 کاشتکاروں کو 3 ارب 32 کروڑ 68 لاکھ 71 ہزار 506 روپے کی رقم فراہم کردی گئی ہے۔
پہلے مرحلے میں رہ جانیوالے تصدیق شدہ کاشتکاروں کو بھی دوسرے مرحلے میں سبسڈی کی رقم دی جائے گی، کاشتکاروں کو سبسڈی کی رقم فی ایکڑ 5 ہزار روپے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے دی جا رہی ہے۔