کراچی : (دنیانیوز) وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان اداروں کو تقسیم کرنے کے ذمہ دار ہیں ، ان کی وجہ سے ہی عدلیہ دو حصوں میں تقسیم ہوئی ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ مردم شماری پر وفاقی حکومت سے رابطے میں ہیں کیونکہ مردم شماری پرسندھ حکومت کے تحفظات ہیں اور ان کے خدشات دورکئے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک بھرمیں عوام مہنگائی سے پریشان ہیں، ڈیزل اور پٹرول کی قیمت بڑھنے سے ہر چیزمہنگی ہوگئی ہے، کہا گیا کہ بسوں کے کرائے بڑھائے جائیں، حکومت نے بسوں کے کرائے نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، اضافی کرائے لینے والوں کے خلاف مقدمہ درج ہوگا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ گندم اور آٹے کی فراہمی کا ایک بڑا ایشو ہے، حکومت نےگندم کی سپورٹ پرائس میں کمی نہیں کی، ملک میں سب سے زیادہ سپورٹ پرائس سندھ حکومت نے دی اور پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پرجھوٹی مہم چلائی۔
وزیراطلاعات سندھ نے سابق امریکی سفارتکار زلمے خلیل زاد کے حالیہ بیان پر بات کرتے ہوئے کہا کہ زلمے خلیل زاد خود ایک کرپٹ ترین شخص ہے جو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کررہے ہیں ، عمران خان اور زلمے خیل زاد میں ایک چیز مشترک ہے کہ دونوں طالبان کے حامی اور منی لانڈرر ہیں۔
شرجیل میمن کاکہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ سےعدالتوں کا احترام کرتی ہے، افتخارچوہدری سے اختلاف کے باوجود ان کی بحالی کیلئے مہم چلائی، افتخار چوہدری سے پہلےکوئی صحافی عدالت نہیں جاتا تھا اورافتخارچوہدری سے پہلے کورٹ رپورٹنگ بیٹ نہیں ہوتی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست آئین کی بالادستی اور اداروں کی آزادی کیلئے ہے، پیپلزپارٹی حکومت کا ہراقدام عدالت میں چیلنج ہوجاتا تھا سپریم کورٹ میں کوئی سندھی بولنے والاجج نظرنہیں آتا ہے۔