اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ شازیہ مری نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا بجٹ 235 ارب سے بڑھا کر 400 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔
معاون خصوصی برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی کے ساتھ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 90 لاکھ خاندان کفالت پروگرام کا حصہ ہیں، بی آئی ایس پی کے تحت وظیفہ 7000 سے بڑھا کر 8750 روپے کر دیا گیا ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ ملک کے 28 لاکھ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں 70 ارب روپے تقسیم کیے گئے، پی ٹی آئی حکومت کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقے کے لوگ مہنگائی کا شکار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: شیری رحمان دنیا کی 100 با اثر ترین شخصیات کی فہرست میں شامل
انہوں نے کہا کہ بینظیر تعلیم وظیفہ حاصل کرنے والے خاندانوں کی تعداد 2.6 ملین سے بڑھ کر 7.1 ملین ہو گئی ہے، بینظیر نشوونما نے بھی پورے پاکستان میں توسیع کی ہے اور اس سلسلے میں پاکستان بھر میں 474 سہولتی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو سماجی اقتصادی چیلنجوں کا سامنا ہے، خواجہ سراؤں کو بھی بی آئی ایس پی پروگرام میں شامل کیا گیا ہے، وہ بی آئی ایس پی کے تحصیل دفاتر میں اپنی رجسٹریشن کرائیں۔