سمر قند: (دنیا نیوز) افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ کا چوتھا وزارتی اجلاس ازبکستان کے شہر سمر قند میں ہوا جس میں حنا ربانی کھر نے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر کی تاجک وزیر خارجہ سراج الدین محر دین سے ملاقات ہوئی، دونوں وزراء نے باہمی دلچسپی کے دو طرفہ اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ تجارتی راہداری معاہدے کے تناظر میں اقتصادی روابط بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
— Spokesperson MoFA (@ForeignOfficePk) April 13, 2023
قبل ازیں وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر کی ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات ہوئی۔
وزیر مملکت نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں پاکستان ایران برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا، وزرائے خارجہ نے اتفاق کیا کہ دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون میں وسیع گنجائش موجود ہے۔
— Spokesperson MoFA (@ForeignOfficePk) April 13, 2023
دونوں وزرائے خارجہ نے مختلف ادارہ جاتی میکانزم کے ذریعے نئے شعبوں کی نشاندہی کرنے پر اتفاق کیا، انہوں نے پولان گبد گوادر بجلی کی ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل پر بھی اطمینان کا اظہار کیا، اس ٹرانسمیشن لائن سے دونوں ممالک کے سرحدی علاقے کی توانائی کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے گا۔
وزیر مملکت نے سرحدی علاقے کے لوگوں کی سماجی و اقتصادی بہبود کیلئے سرحدی بازاروں کے قیام کے عمل کو تیز کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے افغانستان سمیت علاقائی اور عالمی اہمیت کے معاملات پر قریبی رابطے میں رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔