لاہور: (دنیا نیوز) آئین کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کے حوالے سے سنیئر وکلا اور ماہر قانون کی گول میز کانفرنس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا کے الیکشن سپریم کورٹ کی احکامات کی روشنی میں ہونے چاہئیں، سپریم کورٹ اپنے اندرونی معاملات کو افہام وتفہیم سے مل بیٹھ کر حل کرے، عدالت کو ریگولیٹ کرنے کیلئے قانون سازی کا مطلب اس کی آزادی، وقار اور اتھارٹی کو نقصان پہنچانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن 14 مئی کو ہوں گے، عدالتی حکم نہ ماننے والا نااہل ہوگا، اعتزاز احسن
اعلامیہ کے متن کے مطابق اس چیز کی اشد ضرورت ہے کہ عدالتیں آئین کے اندر کام کریں، تمام وکلاء عدالتوں کی حمایت کرتے ہیں، ہمیں مضبوط عدلیہ کی ضرورت ہے جو آئین کے اندر رہ کر کام کرے، ججز اپنے حلف کی پاسداری کریں۔
گول میز کانفرنس کے اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف انتخابات سے گریز نہ کریں اور بنچز کے قیام اور دیگر معاملات کو بنیاد بنا کر توجہ نہ ہٹائیں، پنجاب اور کے پی میں انتخابات فوری اور مقررہ معیاد 90 دن کے اندر ہونے چاہئیں، ہر پاکستانی چاہے وہ کسی بھی عہدے یا رتبے کا ہو اس کی یہ ذمہ داری ہے۔