جعلی مردم شماری کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے: حافظ نعیم الرحمان

Published On 17 April,2023 10:19 pm

کراچی: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ہمیں سندھی بھائیوں سے کوئی مسئلہ نہیں، ہمیں مسئلہ وڈیروں سے ہے جنہوں نے ہمیشہ قوم پرستوں کو استعمال کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ سٹیک ہولڈرز کو ایکسسز دیا جائے، 2017 کا جو ڈیٹا ڈیلیٹ کیا ہے وہ بھی ویب سائٹ پر دوبارہ ڈالیں، تم نمائندگی پر ڈاکہ ڈال رہے ہو اور ہمیں کہتے ہو کہ احتجاج نہ کرو، یہ جعلی مردم شماری کیخلاف ہم آواز بلند کرتے رہیں گے، ہم نے ویب پورٹل بھی بنایا ہے اور گھر گھر بھی جائیں گے، 30 اپریل کو شاہراہ فیصل پر مارچ کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ شہر کے ہر فرد کو گنا جائے گا، یہ لوگ سن لیں کہ گنتی پوری کرنی پڑے گی، اس نظام کو شکست دینے کیلئے ہی یہ کیمپ لگایا ہے، جے آئی سینسسز سیل پر آکر اپنے آپ کو رجسٹرڈ کریں کراچی کو کوئی اون نہیں کرتا، دیگر جماعتوں کے سپورٹرز سے کہتا ہوں کہ آپ بھی اپنے لوگوں کے غلط فیصلوں پر کان نہ دھریں، ہم غلط ہیں تو ہمیں غلط ثابت کریں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ گورنر سندھ کے پاس گیا تب بھی مردم شماری پر بات کی، وہ آگے پیچھے جا رہے تھے مگر میں انہیں بار بار مردم شماری پرلا رہا تھا، صرف اندرون سندھ ہی نہیں قوم پرست جماعتوں کو پیپلز پارٹی نے کراچی میں بھی استعمال کیا ہے، اگر شہر کی آبادی بڑھے گی تو سندھ کی ہی آبادی بڑھے گی، یہ علامتی کیمپ ہے اور 30 اپریل کو ایک شاندار مارچ شاہراہ فیصل پر ہو گا۔