جرنیل، ججز کو پروٹوکول ملتا ہے، مفتی عبدالشکور کیساتھ ایک پولیس والا نہیں تھا: قادر پٹیل

Published On 17 April,2023 09:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر صحت قادر پٹیل نے کہا ہے کہ جرنیل، ججز کو اتنا پروٹوکول ملتا ہے لیکن مفتی عبدالشکور کے ساتھ ایک پولیس والا بھی نہیں تھا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے قادر پٹیل نے کہا کہ مفتی عبدالشکور ایک بہترین عالم دین کے ساتھ ایماندار وفاقی وزیر تھا، وہ ہمارا قیمتی سرمایہ تھے، ایک صاف گو وفاقی وزیر جس طرح چل بسا وہ بھی انتہائی افسوسناک ہے، لینڈ کروزر لے کر ایک وفاقی وزیر کو 1300 سی سی گاڑی دی گئی جو مکمل طور پر پچک گئی اور بڑی بڑی گاڑیاں خراب ہونے کیلئے کھڑی کر دی گئی تھیں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے  کہا کہ ہمارے وفاقی وزیر کے پاس گاڑی ہوتی اور سکواڈ ہوتا تو کم از کم اسے ہسپتال تو پہنچایا جا سکتا تھا، مولانا عبدالشکور تروایح کے بعد اپنے دفتر جا رہے تھے، ان کو تھریٹ بھی تھے، ایک لاکھ 68 ہزار سے ہمارا گزارا نہیں ہوتا، اسی لیے مفتی عبدالشکور نے کہا تھا تنخواہ میں گزارا نہیں ہو رہا، سفید پوش وفاقی وزیر کس طرح تنخواہ پر گزارا کر رہا تھا۔

وفاقی وزیر صحت قادر پٹیل نے مزید کہا ہے کہ ایئر پورٹ پر ڈی جی اے ایس ایف کا پروٹوکول دیکھ کر حیران رہ گیا، ایئرپورٹ پر ہمیں ہٹا کر ڈی جی اے ایس ایف کو پروٹوکول دیا جا رہا تھا، وہاں مجھ سمیت 3 وفاقی وزراء کو دھکے پڑے، ہم کفایت شعاری کے نام پر کیا کر رہے ہیں، اگر ہم اپنے لیے سچ نہیں بولیں گے تو عوام کیلئے بھی نہیں بول سکیں گے۔