اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ہم نے اتحادیوں سے بات چیت شروع کر دی ہے تاکہ مذاکرات کا ماحول بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پیپلز پارٹی کا اے این پی کو پیغام دیا ہے، عوام سیاسی قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں، جوڈیشری اور پارلیمنٹ کے بحران میں اپنا کردار ادا کریں، اتحادیوں سے بات چیت شروع کی ہے تاکہ مذاکرات کا ماحول بنائیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان عدلیہ کو تقسیم کرنے کے ذمہ دار ہیں : شرجیل میمن
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہمارے ہاں روایت ہے کہ قتل بھی ہو جائیں تو مذاکرات پر بیٹھنا پڑتا ہے، ہم نے دہشتگردی کے خلاف مل کر کام کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ لوگ بد دل اور پریشان ہیں، سیاسی استحکام سے معاشی استحکام آئے گا، معاشی ترقی کے لئے مذاکرات بہترین طریقہ ہے، ہم نے حکومتی اتحادیوں سے مذاکرات کا آغاز کیا ہے، تمام جماعتوں سے مل رہے ہیں۔
اس موقع پر میاں افتخار نے کہا کہ متفقہ آئین ہے کیونکہ ذوالفقار بھٹو اور اے این پی کے قائد نے دستخط کیے، لوگ سمجھتے ہیں کہ شاہد سیاستدان اس نظام کو سنبھال نہیں سکتے، اداروں کی بالا دستی کے لئے مل بیٹھ کر کام کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی نے پنجاب میں انتخابات کیلئے فنڈز فراہمی کی تحریک مسترد کر دی
میاں افتخار نے کہا کہ اے پی سی بلا رہے ہیں ان کو دعوت دیں گے، 3 مئی کو اے این پی کی اے پی سی اسلام آباد میں ہو گی، تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دیں گے، یہ پی ٹی آئی سے مذاکرات کریں گے اور ہم اے پی سی کے لئے دعوت دیں گے۔