کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ دن بدن صوبہ سندھ کے حالات بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ 75 سال بعد بھی کراچی کے حالات نہیں بدلے، کب بدلے گا یہ شہر اور صوبہ، پورے سندھ میں کوئی ایک مثالی جگہ نہیں ہے، تمام ملکوں میں سیاحوں کو دکھانے کیلئے مثالی جگہیں ہوتی ہیں، شہریوں کو اپنے آپ کو رجسٹر کروانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: ہم ایسی بدنصیب ریاست میں رہتے ہیں جو لوگوں کو صحیح گن نہیں پاتی: خالد مقبول
کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ آج سرکاری سکولوں کی حالت دیکھیں، ہمیں ان کو بدلنا ہوگا، سرکاری سکول بند پڑے ہیں جس میں غریبوں کے بچے پڑتے ہیں، صوبے کی بہتری کیلئے مافیا سے لڑوں گا لیکن بہتر کروں گا، آئین اور قانون کی بالادستی ہونی چاہیے، آج عوام جس حالت میں ہیں وہ قابل افسوس ہے۔
انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں ڈھائی لاکھ لوگوں کو افطاری کروائی جا چکی ہے، عید والے دن گورنر ہاؤس میں 50 ہزار لوگوں کے لنچ کا انتظام کیا جائے گا، تمام لوگ گورنر ہاؤس کے مہمان ہوں گے، سب کو دعوت دیتا ہوں، لنچ کا خرچہ سرکاری نہیں ہو گا اپنی جیب سے ادا کروں گا۔