سوڈان سے انخلاء کا مشن، پاک فضائیہ کا دوسرا طیارہ پاکستانیوں کو لے کر وطن پہنچ گیا

Published On 28 April,2023 05:57 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاک فضائیہ کا دوسرا طیارہ سوڈان سے انخلاء کا مشن کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد واپس کراچی پہنچ گیا ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ سی-130 ہرکولیس طیارہ سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کر آج سہ پہر جدہ سے روانہ ہوا، پاک فضائیہ کا دوسرا ایئربس طیارہ 111 پاکستانیوں کو لے کر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترا۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کی اعلیٰ قیادت کی ہدایات پر ٹرانسپورٹ طیارے سوڈان میں پھنسےہوئے ہم وطنوں کو واپس لانے میں مصروف عمل ہیں، پاک فضائیہ ٹرانسپورٹ طیاروں کا بیڑہ قدرتی آفات اور حادثات کے دوران قوم کی پکار پر لبیک کہنے میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔

قبل ازیں پاک فضائیہ کا پہلا طیارہ سوڈان میں پھنسے 149 پاکستانیوں کو لے کر وطن پہنچا تھا، پاک فضائیہ کے سوڈان سے انخلاء کے آپریشن میں اب تک 260 پاکستانی وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔

Advertisement