پرویز الہٰی کے گھر سے گرفتار 19 افراد عدالت پیش، جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد

Published On 29 April,2023 07:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی گرفتاری کیلئے چھاپے کے دوران گرفتار کیے گئے 19 افراد کو عدالت پیش کر دیا گیا۔

تھانہ غالب مارکیٹ پولیس نے 19 ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت پیش کیا، چودھری پرویز الہٰی اور دیگر کے خلاف اقدام قتل، دہشت گردی سمیت 9 دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

عدالت میں پولیس کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ پرویز الہٰی کو گرفتار کرنے کیلئے پولیس گئی تو ملزمان نے شور مچایا اور پولیس پر پٹرول بم سے حملہ کیا، 40 سے زائد ملزمان نے گھر کے صحن کے اندر سے بھی پولیس پر حملہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پرویزالہٰی کے گھر اینٹی کرپشن اور پولیس کا آپریشن لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

پولیس کی جانب سے عدالت میں 19 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم جاری کر دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے محفوظ فیصلہ سنایا، گھریلو ملازم مبارک شاہ اور محمد نواز کو مقدمے سے ڈسچارج کر دیا گیا۔