کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
اورنگی ٹاؤن، ایف بی ایریا،عزیز آباد، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد کے علاقوں میں بارش ہوئی، شہریوں نے سہانے موسم کا خوب لطف اٹھایا۔
ٹھٹھہ میں موسلا دھار برسات سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا، ٹھٹھہ کے ساحلی اور پہاڑی علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش جاری ہے۔
ادھر لسبیلہ کے علاقہ ساکران، حب ڈیم اور دریجی کے پہاڑی علاقوں میں بارش ہوئی، بارش کے نتیجے میں حب ندی میں پانی کا بہاؤ بڑھ گیا، ٹریفک پولیس کے مطابق پانی کا بہاؤ بڑھنے سے حب ندی کے متبادل راستے کو نقصان پہنچا۔
ایس ایس پی کے مطابق بارش کے باعث سیلابی ریلے سے بند ہونے والا آہورہ ندی کا راستہ جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے، کراچی کوئٹہ قومی شاہراہ پر آہورہ کے مقام سے ٹریفک کی روانی جزوی طور پر جاری ہے۔
حب ندی سے متبادل راستہ ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے بند کر دیا گیا ہے، لسبیلہ، ساکران میں بارش کے باعث داؤد بندیجہ گوٹھ کے قریب متعدد بکریاں سیلابی ریلے میں بہہ کر ہلاک ہو گئیں۔