حکومتی وزرا سے ایم کیو ایم وفد کی ملاقات، مسائل کا دیرپا اور عملی حل نکالنے پر اتفاق

Published On 26 April,2023 05:02 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومتی وزرا سے ایم کیو ایم کے وفد نے ملاقات کی، جس میں مسائل کے دیرپا اور عملی حل نکالنے پر اتفاق کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق وفد نے خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں تین وفاقی وزراء سے ملاقات کی، حکومتی وفد میں خواجہ آصف، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق سمیت وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری سید توقیرحسین شاہ، چیف کمشنر مردم شماری ڈاکٹر ندیم الظفر اور دیگر حکام شامل تھے۔

ملاقات اڑھائی گھنٹے جاری رہی، ملاقات میں اب تک کی مردم شماری کے اعداد و شمار کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، ایم کیو ایم وفد نے زیادتی اور ناانصافی پر سندھ باالخصوص کراچی کا مقدمہ وضاحت کے ساتھ پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: جیکب آباد میں پولیس مقابلہ، 6 اہلکار شہید، 3 زخمی

وفد نے اعلیٰ حکومتی وفد کے سامنے ثبوت و شواہد پیش کیے، حکومتی وفد نے ثبوت و شواہد کا بغور جائزہ لیتے ہوئے ایم کیو ایم کے تمام تحفظات کو تسلیم کیا، ایم کیو ایم وفد نے حکومت کے سنجیدہ رویے پر اطمینان کا اظہارکیا، وفد نے مسائل کے حل کیلئے عملی اور فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔

دونوں وفود میں معاملات کو حل کی جانب لے جانے کیلئے عملی کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا، مردم شماری کے اعداد و شمار میں ہونے والی بے ضابطگیوں کو فی الفور روکنے پر بھی اتفاق ہوا۔

اعلامیہ کے مطابق ایم کیو ایم کی حکومتی وفد سے مزید ملاقاتیں ہوں گی، حکومتی وفد اور ایم کیو ایم نے مل کر مسائل کے دیرپا اور عملی حل نکالنے پر اتفاق کیا تاکہ مردم شماری میں بغیر کسی تردد ایک ایک شہری کا درست اندراج ممکن ہوسکے۔