اسلام آباد: (دنیا نیوز) چینی وزیر خارجہ چن گانگ دو روزہ دورہ پر پاکستان پہنچ گئے، چن گانگ کل پاک چین سٹریٹجک مذاکرات کے چوتھے دور میں شرکت کریں گے۔
چینی وزیر خارجہ چن گانگ بھارت سے پاکستان پہنچے ہیں، چن گانگ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پہلا دو روزہ پاکستان کا دورہ ہے، پاک چین سٹریٹجک مذاکرات کے چوتھے دور کی صدارت وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور چینی وزیر خارجہ مشترکہ طور پر کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر بارے پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، بلاول بھٹو
پاک چین سٹریٹجک مذاکرات میں دو طرفہ اہم معاملات کا جائزہ لیا جاتا ہے، چینی وزیر خارجہ، بلاول بھٹو اور افغان وزیر خارجہ امیر متقی کے ہمراہ سہہ فریقی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
پاک چین سٹریٹجک مذاکرات کا تیسرا دور جولائی 2021 میں چین کے شہر چینگڈو میں ہوا تھا سٹریٹجک مذاکرات کے دوران دونوں فریق پاکستان اور چین کے درمیان سٹریٹجک کوآپریٹو شراکت داری کی توثیق کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو کی چین سمیت مختلف ممالک کے وزراء خارجہ سے ملاقاتیں
مہمان چینی وزیر خارجہ پاکستان اور چین کے درمیان کثیر الجہتی تعاون کے لیے روڈ میپ تیار کرنے، علاقائی اور عالمی منظر نامے پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
چینی وزیر خارجہ چن گانگ کا دورہ چین اور پاکستان کے تعلقات کی اہمیت اور ان کی سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔