اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومتی ذرائع نے کہا ہے کہ سیاسی رہنما کی گرفتاری سے افواج پاکستان کا قطعاً کوئی تعلق نہیں۔
عمران خان کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے حکومتی ذرائع نے کہا ہے کہ سیاسی رہنما کی گرفتاری سے افواج پاکستان کا قطعاً کوئی تعلق نہیں ہے، سیاسی رہنما کو نیب نے قانون کے مطابق گرفتار کیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے کچھ شر پسند لیڈرز نے اپنے ورکرز کو اشتعال دلایا، گمراہ کن ورکرز نے حکومتی املاک اور فوجی تنصیبات،عمارتوں کو نقصان پہنچایا، جلاؤ گھیراؤ سے دباؤ کی سیاست کو آگے بڑھایا گیا۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ شرپسند عناصرکو قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حکومتی املاک کو نقصان پہنچانے کا کہا گیا، جلاؤ گھیراؤ اپنے مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے کیا گیا، ایسا عمل کسی صورت بھی برداشت نہیں کیا جاسکتا، ایسے عناصر سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق عوام ایسے شر پسند اور انتشار انگیز عناصر سے دور رہیں، ایسے عناصر اور ان کے سر پرستوں کی قانون کے عین مطابق سرکوبی کی جائے گی۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی شرپسند کو ملک کا امن اور سکون بر باد کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحمل کا مظاہرہ کیا، آگے بھی کرتے رہیں گے۔