پی ٹی آئی نے سرکاری املاک پر حملے کر کے ناقابل معافی جرم کیا، شہباز شریف

Published On 10 May,2023 10:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے سرکاری املاک پر حملے کر کے ناقابل معافی جرم کیا۔

قوم سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ بڑی تلخ ہے، سیاسی جماعتوں نے ماضی کی غلطیوں سے نہیں سیکھا، سیاست میں انتقامی کارروائیوں کا اچھا انجام کبھی نہیں نکلا۔

یہ بھی پڑھیں: املاک، تنصیبات پر حملے: وسیع تر ملکی مفاد میں صبر سے کام لیا: پاک فوج

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ 4 برسوں میں مقدمہ نہیں چہرہ دیکھا جاتا تھا، دیکھا جاتا تھا کہ کس کو جیل بھجوانا ہے کس کو نہیں، عمران خان کا 4 سالہ دور تاریخ کا سیاہ ترین دور تھا، عمران خان ایک روز اعلان کرتے تھے دوسرے دن گرفتاری ہو جاتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پرانے نیب قانون کے تحت 90 دن کے لیے اٹھا لیا جاتا تھا، ظالمانہ نیب قانون میں ہم نے ترمیم کرا کے ریمانڈ کی مدت 15 روز کر دی، ہم آج بھی نیب کی پیشیاں بھگت رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے نیب کے معاملے میں بھی مسائل کے حل کی سوچ اپنائی، آج نیب ترمیم کا پہلا بینیفشری عمران خان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کے شرپسندوں سے کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے: مریم نواز

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دور میں الزام لگانے پر ہی گرفتاری ہو جاتی تھی، رانا ثنا اللہ پر 15 کلو ہیروئن ڈال دی گئی، ہم نے خود کو قانون اور عدالت کے سامنے پیش کیا، 3 دفعہ وزیراعظم رہنے والے نوازشریف نے بیٹی کے ہمراہ 100 سے زائد پیشیاں بھگتیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر دشمنوں کےعزائم کو خاک میں ملا دیا تھا، ہمارے سامنے ایسی اور کئی مثالیں ہیں، ہم نے کارکنوں کے جذبات کے بجائے قانون وعدالت پر اعتماد کیا، قانون کی حکمرانی کا مطلب یہی ہے عدالت میں سامنا کریں، طاقتور اور کمزور سب قانون کے سامنے برابر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ریاست توڑنا پی ٹی آئی کا ایجنڈا، انہیں حکمران بنانے کا حساب کون دے گا: فضل الرحمان

شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی کی گرفتاری کرپشن کیس میں ہوئی ہے، القادر ٹرسٹ کے تمام شواہد موجود ہیں، 7 ارب روپے کے معاملے کی نیب تفتیش کر رہا ہے، کابینہ کو بند لفافے میں جو کچھ بھی تھا نہیں دکھایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بطور ایک سیاسی کارکن کسی بھی گرفتاری پر خوشی کا اظہار نہیں کر سکتے، یہ زندگی کا ایک تلخ لمحہ ہوتا ہے جس سے کئی مرتبہ گزر چکے ہیں، ایسے موقع پر قیادت کا کام ہوتا ہے کہ کارکنوں کو قانون کی لکیر کو عبور نہ کرنے دے، مگرصد افسوس عمران اور پی ٹی آئی نے قانونی طرز عمل اپنانے کے بجائے نجی و حساس املاک کو نقصان پہنچا کر ملک دشمنی کا ناقابل معافی جرم کیا۔

یہ بھی پڑھیں: دفاعی اداروں پر حملہ کرنے والے عناصر کو کٹہرے میں لایا جائے: چودھری شجاعت

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایسے دلخراش مناظر 75 سالہ تاریخ میں نہیں دیکھے تھے، عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالا گیا، ایمبولینس سے مریضوں کو نکال کر ان کی گاڑیوں کو آگ لگا دی، سوات موٹروے ٹول پلازہ کو جلایا گیا، حساس املاک اور عمارتوں پر دشمن کی طرح حملے کیے گئے۔

شہباز شریف نے کہا کہ شہدا،غازیوں کی یادگاروں کی بے حرمتی کر کے قوم کے دلوں کو زخمی کیا گیا، یہ مذموم کام تاحال جاری ہے، جو کام ازلی دشمن نہیں کر سکا ان دہشت گردوں اور ملک دشمنوں نے کر دکھایا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب بھر میں ہنگامہ آرائی اور پرتشدد کارروائیاں ، ایک ہزار سے زائد شر پسندگرفتار

انہوں نے کہا کہ ان دہشت گردوں، ملک دشمن عناصر کو خبردار کرتا ہوں وہ ملک دشمن سرگرمیوں سے فوری باز آجائیں، ایسے لوگوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، پاکستان اور نظریئے کی حفاظت ہمیں جان سے زیادہ بھی عزیز ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نیب نے قانون کے مطابق کارروائی کی، عدالت نےعمران نیازی کی گرفتاری کو قانونی قرار دیا،عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں انہوں نے ملک دشمن رویے کو یکسرمسترد کیا، پولیس، رینجرز، قانون نافذ کرنے والےاداروں، افواج پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔

Advertisement