ملک کو جلانے والوں کی پشت پناہی کی جا رہی ہے، مریم اورنگزیب

Published On 11 May,2023 04:51 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جب عدالتوں کے فیصلے مجرموں کی پشت پناہی کرتے ہیں اس وقت عدالتوں کی بےتوقیری ہوتی ہے، ملک کو جلانے والوں کی پشت پناہی کی جا رہی ہے۔

نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ قانونی طریقے سے نیب نے عمران خان کو گرفتار کیا، کیا گولیاں چلانے والے کو ہار پہنا کر گرفتار کرتے،3 دن سے مسلح جتھے سرکاری عمارتوں پر حملہ آور ہیں، ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مسلح جتھوں کو تعینات کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے سرکاری املاک پر حملے کر کے ناقابل معافی جرم کیا، شہباز شریف

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سب نے سنا ہے پی ٹی آئی قیادت نے کیسے مظاہرین کو ہدایات جاری کیں، اگرعدالت دہشت گردوں، مسلح جتھوں کی پشت پناہی کرے گی تو پھر تمام لوگ ریلیف کے مستحق ہوں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ جناح ہاؤس کو جلایا گیا، مریضوں کو ایمبولینس سے نکال کر گاڑیاں جلائی گئیں، شہدا کی یادگاریں جلائی گئیں، کور کمانڈر، رانا ثنا اللہ کا گھر جلا، کیا وہ ملک کے شہری نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: القادر ٹرسٹ کرپشن کا پیسہ چھپانے کیلئے بنائی گئی، طلال چودھری

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر بندوق اٹھانے والے کو ریلیف ملے گا تو پھر ملک جلے گا، جب لاڈلے نے آئین توڑا اس کو اس وقت سزا کیوں نہیں دی، اگر اس وقت دہشت گرد کو سزا مل جاتی تو آج ملک جل نہ رہا ہوتا، 75 سال میں بدترین دشمن وہ کچھ نہیں کر سکا جو اس نے کر دیا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر اس کو ریلیف دینا ہے تو پھر عدالت، کچہریوں کو بند کر دیا جائے، ثاقب نثار اگر صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ نہ دیتا تو آج ملک کا یہ حال نہ ہوتا، عمران خان کو 60 ارب روپے کی چوری کا حساب دینا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: گرفتاری کو ایک دن نہیں ہوا اور سپریم کورٹ نے کہہ دیا عمران خان کو بلاؤ: شرجیل میمن

انہوں نے کہا کہ القادر ٹرسٹ، جتنے بھی کردار ہیں سب کو عبرتناک سزا دینی چاہیے، اگر آج عمران خان کو ریلیف ملا تو عدالتوں کی طرف سے "لائسنس ٹوکِل" ہو گا، آج اگر ریلیف ملا تو پھر سب چور، ڈاکوؤں کو رہا کر دینا چاہیے۔