لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی گرفتار 17 خواتین کی نظربندی کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صفدر سلیم شاہد نے خواتین کی بازیابی کی درخواست پر محفوط فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے لبرٹی سے گرفتار پی ٹی آئی کی 17خواتین کی نظر بندی کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے تمام خواتین کو فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
سرکاری وکیل نے بتایا کہ 3 خواتین کو گزشتہ رات رہا کردیا گیا۔
درخواست گزار سکندر ذوالقرنین کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ تینوں خواتین کے والد کی وفات کے باعث رہائی عمل میں آئی، گرفتار صنم جاوید، علیشہ علی، قدسیہ اکبر سمیت 17 خواتین پی ٹی آئی کی متحرک کارکن ہیں، عمران خان کی گرفتاری کے بعد ان خواتین کو نظر بند کردیا گیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئین پاکستان پرامن احتجاج کرنے کا حق ہر شہری کو دیتا ہے، پرامن احتجاج کرنے پر خواتین کو نظربند کرنا آئین کے خلاف ہے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت ڈپٹی کمشنر کا نظر بند کرنے کا حکم کالعدم قرار دے، نظربند خواتین کو رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔