لاہور: (دنیا نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد لاہور کینٹ میں شرپسندوں کی جانب سے فوج کے دفاتر پر حملہ کرنے والوں کو سزائیں دلوانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیمیں سرگرم ہوگئیں۔
لاہور کینٹ میں شر پسندوں نے ملک دشمنوں کی طرح فوج کے دفاتر پر حملہ کیا، 9 مئی سیاہ ترین باب کے طور پر ملکی تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔
جناح ہاؤس میں شہداء کی تصاویر کی پامالی سمیت سرکاری املاک پر جلاؤ گھیراؤ اور لوٹ مارکا بازار گرم کیا گیا، جناح ہاؤس میں فوجی دفاتر کو بھی ملک دشمنوں کی طرح نشانہ بنایا گیا۔
لاہور میں شرپسندوں نے فوجی دفاتر کو بھی نہ چھوڑا، چند شرپسندوں نے سیاسی قائدین کے اشاروں پر فوجی دفاتر پر حملہ کر کے وہاں پرموجود سامان اور دیگر چیزوں کو جلا کر خاکستر کر دیا۔
شرپسندوں نے حملہ میں دفاتر کی دَر و دیوار کو مِسمار کر کے اپنے مکروہ عزائم سے ثابت کر دیا کہ یہ حملہ دراصل ملک دشمنی میں وطنِ عزیز اور اس کے محافظین پر کیا گیا۔
ہائی لیول قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیموں کو سرگرم کر دیا گیا ہے تاکہ حملہ آوروں کو قانون کے مطابق قرار واقع سزائیں دلوائی جا سکیں۔