مولانا فضل الرحمان کی زیر قیادت پی ڈی ایم کا اسلام آباد میں دھرنا آج ہوگا

Published On 15 May,2023 07:10 am

اسلام آباد : ( دنیا نیوز ) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کی جانب سے اسلام آباد میں دھرنا آج دیا جائے گا تاہم دھرنا سپریم کورٹ آف پاکستان کے باہر دیا جائے گا یا کسی اور جگہ اس حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکا۔

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی جانب سے دیئے جانے والے دھرنے کی قیادت سربراہ جمعیت علما اسلام ( جے یو آئی ف ) مولانا فضل الرحمان کریں گے ۔

یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمان پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ بھی ہیں اور انکی جانب سے سپریم کورٹ کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) نے گزشتہ روز سپریم کورٹ کے باہر دھرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر ( ڈی سی ) اسلام آباد کو درخواست جمع کروا دی تھی جس کے متن میں کہا گیا کہ پی ڈی ایم پیر کے روز( آج ) سپریم کورٹ کے سامنے دھرنا دے گی جس کی اجازت دی جائے، مظاہرے کیلئے سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کئے جائیں۔

ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے باہر دھرنے کیلئے ڈی سی اسلام آباد کو درخواست جمع کرا دی ہے، ہم نے اس سے قبل ملین مارچ، آزادی مارچ اور دیگر پروگرام کئے ہیں، حکومتی وزراء نے مولانا فضل الرحمان سے جگہ کی تبدیلی کے بارے میں ملاقات کی تھی تا ہم ہم نے انہیں بتا دیا ہے کہ ہمارا احتجاج پر امن ہوگا اور جگہ کی تبدیلی ممکن نہیں۔

خیال رہے وفاقی وزرا دھرنے کی جگہ تبدیل کرنے کے لئے کوشاں ہیں اور اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے گزشتہ روز سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے دوران مقام تبدیل کرنے کی اپیل بھی کی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ جگہ کا تعین آج صبح ہوگا۔