اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ چیف جسٹس نے حکومت پر ناجائز ہاتھ ڈالنے کی کوشش کی تو ہم وزیر اعظم کا تحفظ کریں گے اور تمہیں تحفظ کی کوئی جگہ نہیں ملے گی۔
اسلام آباد میں احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اب فیصلہ پاکستان کے عوام نے کرنا ہے، عدلیہ کے وقار کی بلندی چاہتے ہیں، آج اسلام آباد میں عوام کی عدالت لگی ہے، اسلام نےعدل و انصاف کا حکم دیا ہے، حمزہ شہباز کی حکومت ختم کر کے پرویز الہیٰ کی حکومت قائم کی گئی، پارلیمنٹ اور عوام کی تذلیل کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ہتھوڑا گردی نامنظور ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک میں جاری کرائسز کے ذمہ دار عمران خان سے زیادہ چیف جسٹس ہیں: مریم نواز
جے یو آئی کے سربراہ نے کہا کہ تمام ادارے اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے فرائض سرانجام دیں، سیاست کرنی ہے تو اس بلڈنگ سے باہر آکر اس میدان میں آکر کھڑے ہو جاؤ، تم نے چند بدمعاشوں کے جتھوں کو سیاست کہہ دیا ہے، آئے وہ جتھا کسی پر آکر حملہ کرے، کدھر ہے تحریک انصاف کا وہ مجاہد، دہشتگرد، میرے بائیں جانب رینجرز، پولیس اس بلڈنگ کو تحفظ دے رہی ہیں، ہٹ جائیں ہم حفاظت کریں گے۔
انہوں نے کہا سیاست کرنا صرف سیاست دانوں کا کام ہے، عمران خان اور انکے دہشتگردوں کو عدالت میں تحفظ ملتا ہے، عدالتوں کے جانبدارانہ فیصلے قبول نہیں، ہر ناجائز بات کو تم کہتے ہو دستور کے مطابق ہے، جس دستور کی تم بات کرتے ہو وہ ہم نے بنا کر بھیجا ہے، ہم تو اول دن سے کہہ رہے ہیں یہودی لابی نہیں چلے گی، تم نے مودی کے ساتھ گٹھ جوڑ کیا، پنجاب، خیبرپختونخوا اسمبلیاں نہ توڑی جاتیں تو آج بحران نہ ہوتا۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کے پاس آخری موقع ہے دہشتگردی واقعات کی مذمت کرے، بلاول
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا ہے کہ جہاں حق کی بات ہو گی جرنیل ہو یا جج اس کے سامنے بولیں گے، عوام کی قوت یکجا ہے، آپ نے خود اور دوسروں کو بھی پرامن رہنے کی ہدایت کرنی ہے، ہمارے رضا کاروں کے لباس میں کچھ یوتھیے گھسے جس کی سازش کو ناکام بنا دیا گیا، آخر میں مولانا فضل الرحمن نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت پڑی تو دوبارہ اسلام آباد آئیں گے۔