سندھ حکومت نے پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان کا ریسٹورنٹ سیل کر دیا

Published On 15 May,2023 11:36 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا ریسٹورنٹ سیل کر دیا۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ حکومت نے سیاسی نفرت میں آج میرا ریسٹورنٹ سیل کر دیا، اب پیپلز پارٹی سیاسی نقصان کے ساتھ کاروباری نقصان پہنچانے پر اتر آئی ہے، ریسٹورنٹ پر کام کرنے والے ملازمین کا گھر باعزت طریقے سے چلتا ہے، آیان علی کے اکاؤنٹ سے نہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سندھ حکومت نے خود کو ڈیموکریٹک کہلانے کا حق کھو دیا ہے، جو اوچھے ہتھکنڈے پیپلز پارٹی کی حکومت کر رہی ہے انہیں کل بھگتنا ہو گا، سندھ میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کی طرح قانون کا استعمال ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری حملے کرنے کے پیچھے کون سے سیاہ مقاصد ہیں؟ ہمارے روزگار "ٹین پرسنٹ" پر نہیں چلتے، ہم ٹیکس پیئر لوگ ہیں۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ ہیومن رائٹس کمیشن سے گزارش ہے سندھ حکومت کی فسطائیت کا نوٹس لیں، میری تمام تاجرایسوسی ایشن سے اس گھناؤنے معاملے پر آواز اٹھانے کی گزارش ہے۔

Advertisement