لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ق نے پاک افواج سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں ریلیاں نکالنے کا فیصلہ کر لیا۔
پاکستان مسلم لیگ ق کا اہم مشاورتی اجلاس وفاقی وزیر اور پارٹی کے سینئر نائب صدر چودھری سالک حسین کے زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال پر مشاورت کی گئی، اجلاس میں فوجی اداروں پرحملوں کی شدید مذمت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں پہلی بار آرمی تنصیبات پر حملہ کرنے کی ترغیب دی گئی: چودھری شجاعت
مسلم لیگ ق نے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ 17 مئی کو لاہور، 18 کوئٹہ ، 19 کراچی، 20 پشاور، 21 اسلام آباد، 22 کو گلگت میں پاک افواج سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی جائیں گی۔
وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے کہا کہ دفاعی اداروں پر حملے ناقابل برداشت ہیں، قومی یکجہتی، ترقی اور خوشحالی اولین ترجیح ہے، مسلم لیگ ملکی ترقی اور استحکام میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: دہشتگرد تنظیموں کی طرح افواج پاکستان کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا: چودھری سرور
چودھری سالک حسین نے کہا کہ پارٹی کی تنظیم نو میں مخلص کارکنان کو ترجیح دیں گے، صاف ستھری شہرت کے حامل افراد کو خوش آمدید کہیں گے۔