اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری سے قازقستان کے سفیر یرژان کسٹافن نے ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات اسلام آباد بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹرز میں ہوئی، دونوں فریقین نے تعلیم، ثقافت اور بالخصوص سماجی تحفظ کے شعبہ جات سمیت دیگر باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو بڑھانے کی ضروت پر اتفاق کیا گیا، وفاقی وزیر نے حکومتی سطح پر دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ عوامی رابطے پر بھی زور دیا۔
قازق سفیر نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام دنیا کے بہترین سماجی تحفظ پروگراموں میں سے ایک ہے، کمزور طبقات تک براہ راست نقد مالی معاونت کے ایسے پروگراموں کو دیگر ممالک میں بھی رائج ہونا چاہئے۔