اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی عبوری ضمانت میں 31 مئی تک توسیع کر دی۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی، عمران خان کی طرف سے بیرسٹر گوہر عدالت میں پیش ہوئے۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر ہمیں اعتراض نہیں، ہماری تشویش یہ ہے کہ عمران خان نے ابھی تک تفتیش جوائن نہیں کی۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ ایک چیز ذہن میں رکھیں کہ درخواست گزار ایک انسان ہیں، کیا ایسا نہیں ہوسکتا کہ تفتیشی افسر زمان پارک جا کر تفتیش کریں، انفرادی طور پر ایک شخص کیلئے اتنے زیادہ مقدمات میں پیش ہونا آسان نہیں۔
فاضل جج نے استفسار کیا کہ آپ بتا سکتے ہیں کہ اسلام آباد کی حدود میں عمران خان کیخلاف کتنے مقدمات درج ہیں؟، اس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ میرے لیے ابھی مقدمات کی تعداد بتانا مشکل ہے، معلومات نہیں۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ دیکھ لیں، آپ کو بھی نہیں پتا کہ کتنے مقدمات ہیں، ہوسکتا ہے تو اسلام آباد کی حدود میں درج مقدمات کیلئے کوئی طریقہ کار بنالیں۔
بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں 31 مئی تک توسیع کر دی۔