اسلام آباد: (دنیانیوز) انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں سابق سپیکر قومی اسمبلی و تحریک انصاف کے رہنما اسدقیصر و دیگر کی جانب سے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کردی گئی ۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے وکیل شیرافضل مروت نے درخواست دائر کی ، اے ٹی سی جج راجہ جواد عباس نے ریمارکس دیے کہ اسد قیصر تو گرفتار نہیں، ان کا بتایا گیاہے کہ وہ آجائیں گے، جس پر وکیل شیر افضل نے کہا کہ عدالت اگر سکیورٹی فراہم کرے اور گارنٹی دے کہ گرفتاری نہیں ہوگی تو آجاتے ہیں۔
اے ٹی سی جج نے ریمارکس دیے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی پروٹیکشن نہیں مانی جارہی تو اےٹی سی تو پھربھی لوئر کورٹ ہے، یہ بات درست ہے کہ ہائیکورٹ کی پروٹیکشن پر عمل نہیں کیاجارہا۔
جج نے استفسار کیا کہ عدالت کو بتایا جائے کہ کس قانون کے تحت اسدقیصر اور دیگر کو آج استثنی دیاجائے۔
وکیل شیرافضل نے کہا کہ چار،پانچ دنوں تک توسیع دی جائے، حالات ٹھنڈے ہو جائیں گے، جس پر اے ٹی سی جج نے ریمارکس دیے کہ چار، پانچ دنوں تک کیا گارنٹی ہے کہ حالات ٹھنڈے ہو جائیں گے۔
اس پر وکیل شیر افضل نے کہا کہ اگر حالات ٹھنڈے نہ ہوئےتو پی ٹی آئی قیادت اندرجانےکےلیے تیارہے، اے ٹی سی جج راجہ جوادعباس نےساڑھے گیارہ بجے تک سماعت میں وقفہ کردیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اور تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کی 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت منظور کی گئی تھی ۔