اسلام آباد : (دنیانیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں میں تھری ایم پی او کے تحت پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کے کیس میں عدالت نے دلائل طلب کرلیے ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں تھری ایم پی او کے تحت پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کے کیس پر سماعت ہوئی۔
عدالت نے تحریک انصاف کے رہنماؤں شاہ محمود قریشی اور مسرت چیمہ کی گرفتاری پر 18 مئی جبکہ اسد عمر، سیف اللہ نیازی اور اعجاز چوہدری کی درخواست پر 19مئی کو دلائل طلب کرلیے ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی سی اسلام آباد سے گرفتاری سے متعلق ریکارڈ طلب کرلیا ، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے احکامات جاری کئے۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور پرتشدد مظاہروں میں ملوث افراد کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے، تحریک انصاف کے بیشتر رہنماؤں کو نقص امن کے قانون اور دفعہ 144 کے تحت گرفتار کیا گیا۔