اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان نے قومی اتفاق رائے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مذاکرات کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر سید امین الحق نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ موجودہ صورتحال سے نکلنے کیلئے مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں، تحریک انصاف سے حالیہ مذاکرات میں مثبت نتیجہ نظر آ رہا تھا، حکومت اور تحریک انصاف ایک ہی روز عام انتخابات پر متفق تھے، ایم کیو ایم پاکستان نے ہمیشہ مسائل کا حل مذاکرات اور بات چیت ہی کو سمجھا ہے۔
سید امین الحق نے مزید کہا ہے کہ ہماری خواہش ہے پارلیمنٹ 5 سال مکمل کرے، مقررہ مدت پر شفاف، آزادانہ، منصفانہ انتخابات کو یقینی بنایا جانا چاہیے، پی ٹی آئی کی قیادت مذاکرات کیلئے تیار ہے، حکومتی لوگ بھی سمجھتے ہیں بات چیت ہونی چاہیے، مقتدر حلقوں کی بھی خواہش ہے بات چیت ہونی چاہیے، مذاکرات اچھا عمل ہے اس سے سیاسی استحکام آئے گا۔
وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا ہے کہ اگست میں اسمبلیاں مدت پوری کریں گی، اکتوبر نومبر میں انتخابات ہوں گے، حالیہ واقعات کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے، جلسے اور جلوس ہر سیاسی جماعت کا آئینی حق ہے، کسی بھی سیاسی پارٹی پر پابندی کے حق میں نہیں ہیں، ملک میں جمہوری کلچر کو آگے بڑھنا چاہیے۔