پی ٹی آئی رہنما عامر محمود کیانی نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کر دیا

Published On 17 May,2023 05:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق وفاقی وزیر عامر محمود کیانی نے سیاست سے دستبرداری کا اعلان کر دیا۔

سابق وفاقی وزیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میرا فوجی خاندان سے تعلق ہے، ہم نے سیاست کرپشن کے خلاف شروع کی، 9 مئی کے واقعات تکلیف دہ تھے، میں نے کبھی افواج پاکستان کیخلاف بیان نہیں دیا، مجھ پر بھی 8، 9 دہشتگردی کے مقدمات درج ہوئے۔

عامر محمود کیانی نے کہا کہ میں ڈیڑھ ماہ سے پارٹی اجلاس میں گیا بھی نہیں، ہمیں سوچنا ہو گا کہ کیا ہم سیاست اس لیے کر رہے کہ اداروں کو بھی شامل کرنا ہے، ڈیڑھ ماہ سے میں لاہور نہیں گیا، ہمیں سیاسی لوگوں کے خلاف جدوجہد کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقاء پاک فوج کے افسران اور اہلکاروں کی وجہ سے ہے، پاک فوج کے جوان روزانہ قربانیاں دے رہے ہیں، 9 مئی کے واقعے میں چیئرمین عمران خان سے بھی ملنے گیا، سیاسی جماعتیں آتی جاتی رہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت پی ٹی آئی رہنماؤں، کارکنان کوگرفتار کر کے دہشت پھیلا رہی ہے : عمران خان

عامر محمود کیانی کا کہنا تھا کہ عمران خان خود کہتے ہیں کہ ادارے اہم ہیں، جی ایچ کیو اور لاہور کور کمانڈر کا واقعہ بہت تکلیف دہ ہے، ان اداروں نے آپ کی سرحد پر ہمیشہ جانیں دی ہیں، ہمیں صرف سیاسی لڑائی لڑنی چاہیے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ ملک کی سالمیت اور بقا پر حملہ ہے، کوئی بھی سیاسی جماعت ایک ادارہ نہیں بنی، میں سیاست سے بھی دستبردار ہو رہا ہوں۔
 

Advertisement