کراچی : ( دنیا نیوز ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) سندھ کے صدر اور سابق وفاقی وزیر علی زیدی کو کراچی سے جیکب آباد جیل منتقل کر دیا گیا۔
محکمہ داخلہ سندھ نے 2 روز قبل علی زیدی کی طبیعت ناسازی کے باعث گھر کو سب جیل قرار دے کر انہیں گھر منتقل کر دیا تھا تاہم گزشتہ روز اچانک ان کے گھر کو سب جیل قرار دینے کے احکامات منسوخ کر دیئے گئے ۔
اس حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں سابق وفاقی وزیر کو ایم پی او کے تحت جیکب آباد جیل میں منتقل کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ صرف علی زیدی کو ہی گھر پر نظربند کرنے کی سہولت فراہم کی گئی تھی جس پر حکومت سندھ کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی سندھ کے رہنما اور سندھ اسمبلی کے سابق اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی کو کراچی سینٹرل جیل سے سکھر جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں فردوس شمیم نقوی کو سکھر جیل منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔