راولپنڈی : ( دنیا نیوز ) قومی احتساب بیورو ( نیب ) راولپنڈی نے برٹش نیشنل کرائم ایجنسی 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو آج طلب کر لیا۔
نیب راولپنڈی کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی سے 19 کروڑ پاؤنڈ کی غیر قانونی منتقلی سے متعلق 20 سوالوں کے جوابات بھی طلب کئے گئے ہیں اور انہیں کیس سے متعلقہ دستاویزات بھی ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نیب کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا کہ عمران خان کی عدم حاضری پر قانونی کارروائی ہوگی۔
نیب راولپنڈی نے عمران خان کو صبح 10 بجے کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم کے روبرو پیش ہونے کا حکم دیا اور 19 کروڑ پاؤنڈ کے فریزنگ آرڈرز ، القادر یونیورسٹی کو ملنے والے تمام عطیات اور ٹرسٹ کو عطیات دینے والوں کا ریکارڈ بھی طلب کیا ہے۔
احتساب بیورو نے القادر ٹرسٹ اور ملزمان کی کمپنی کے درمیان ٹرسٹ ڈیڈ کے علاوہ برطانوی کرائم ایجنسی کے ساتھ خط و کتابت کا ریکارڈ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب نیب راولپنڈی نے سابق معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر کو بھی 22 مئی کو طلب کر لیا ہے۔