اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی گئی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف خاتون جج دھمکی کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج طاہرعباس سپرا نے کی۔
عمران خان کے وکلاء نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی علالت کے باعث عدالت پیش نہیں ہوسکے، ڈاکٹر نے ان کو 7 دن کیلئے آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
پراسیکیوٹر رضوان عباسی بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے، پراسیکیوٹر رضوان عباسی کی جانب سے جونئر وکیل پیش ہوئے، عدالت نے کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے 23 مئی تک ملتوی کر دی۔