اے ٹی سی لاہور: عمران خان کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانت میں توسیع

Published On 19 May,2023 10:38 am

لاہور: (دنیا نیوز) انسداد دہشتگردی لاہور کی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کر لی۔

لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت ہوئی جس میں چیئرمین پی ٹی آئی عدالت میں پیش ہوئے۔

دورانِ سماعت عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ جب یہ افسوسناک واقعہ ہوا تو درخواست گزار گرفتار تھے، 10 مئی کو عمران خان نیب کی تحویل میں تھے، جیسے ہی پتا چلا کہ یہ واقعہ ہوا تو عمران خان نے شدید مذمت کی۔

بعد ازاں عدالت نے عمران خان کی 3 مقدمات میں 2 جون تک عبوری ضمانتیں منظور کر لی اور انہیں شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا۔

عدالت نے کہا کہ عمران خان صاحب آپ ایک ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرائیں اور آپ نے تفتیش میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دینی، اس پر عمران خان نے کہا کہ آپ فکر نہ کریں۔

دوسری جانب انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت نے زمان پارک جلاؤ گھیراؤ اور ظل شاہ قتل کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانتوں کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو 2 جون کو سنایا جائے گا۔

 

Advertisement