اسلام آباد : (دنیانیوز) ترجمان دفتر خارجہ کےمطابق پاکستان نے اسرائیلی قابض حکام کی طرف سے مسجد اقصیٰ پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اسرائیلی قابض انتظامیہ کے ایک رکن اور اسرائیلی قابض افواج کے تحفظ میں کنیسٹ کے ارکان کی طرف سے مسجد اقصیٰ پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہے ، اسلام کے مقدس ترین مقامات میں سے ایک کے تقدس کی خلاف ورزی دنیا بھر کے 1.5 ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات کی توہین کرنے والے اسرائیلی اقدامات کے سلسلے میں ایک اور قابل مذمت واقعہ ہے۔
ترجمان دفر خارجہ نے کہا ہے کہ ہم اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ اس طرح کی کارروائیاں آزادی اظہار رائے اور مذہب یا فلسطینی عوام کے عقیدے کے حق سے مطابقت نہیں رکھتیں اور تمام انسانی اور انسانی حقوق کے قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی کرتی ہیں۔
پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقوں میں اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے فوری اقدام کرے جو اس سال کے آغاز سے واضح طور پر عروج پر ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہم فلسطینی کاز کے لیے بلا روک ٹوک حمایت کا اعادہ کرتے ہیں اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ ایک قابل عمل، خودمختار اور متصل فلسطینی ریاست کے لیے اپنے مطالبے کی تجدید کرتے ہیں ۔
ترجمان نے کہا کہ القدس الشریف کا فلسطین کے دارالحکومت کے طور پر تسلیم کرنا ہی مسئلہ فلسطین کا واحد منصفانہ اور جامع حل ہے۔