سندھ میں میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین و وائس چیئرمین انتخابات کا شیڈول جاری

Published On 24 May,2023 06:07 pm

کراچی: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے سندھ بلدیاتی حکومت کے لیے میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین، وائس چیئرمین انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا۔

شیڈول کے مطابق ‏سندھ بلدیاتی حکومت کے میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین ، وائس چیئرمین انتخابات 15 جون کو ہو گا، کاغذات نامزدگی 9 اور 10 جون کو جمع کرائے جا سکیں گے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 11 جون کو ہو گی۔

امیدوار 14 جون تک اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے، 15 جون کو صبح 8 بجے سے 5 بجے تک پولنگ ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ کی تمام یوسیز میں مخصوص نشستوں پر کاغذات جمع کرانے کی آج آخری تاریخ

الیکشن کمیشن کے مطابق صاف شفاف اور قانون کے مطابق انتخاب کو یقینی بنایا جائے گا، 15 جون تک نہ کوئی ترقیاتی کام کرایا جا سکتا ہے نہ اس کا اعلان کیا جا سکتا ہے، کسی سرکاری افسر کو اختیارات کو غلط یاناجائز استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

یاد رہے کہ سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا تھا کہ میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب جون کے پہلے ہفتے میں مکمل کیا جائے، پورے معاملے میں بلاوجہ تاخیر ہو رہی ہے، ہم چاہتے ہیں لوکل گورنمنٹ خود آکر اپنا بجٹ پیش کرے۔
 

Advertisement