ملک بھر میں آج یوم تکریم شہدائے پاکستان منایا جا رہا ہے

Published On 25 May,2023 08:24 am

لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں آج یوم تکریم شہدائے پاکستان منایا جا رہا ہے۔

یوم تکریمِ شہدائے پاکستان کا آغاز نمازِ فجر کے بعد قرآن خوانی سے ہوا اور اس موقع پر پاکستان کی سلامتی اور امن و امان کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔

اس موقع پر پاک سرزمین کی حفاظت کی خاطر جان قربان کرنے والوں کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

علما کرام نے کہا کہ آزاد فضاؤں میں سانس لینا ہمارے ملک کے شہدا کے مرہون منت ہے جو ہم پر ان کا قرض ہے، آج اتحاد و یگانگت کے ساتھ فاصلوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

پاک فوج کے دستے نے کیپٹن سلیمان شہید کی قبر پر گارڈ آف آنر پیش کیا اور چادر چڑھائی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ہمارے شہدا ہمارا فخر ہیں اور ان کی تکریم میں کبھی کمی نہیں آنے دیں گے۔

ملتان

ملتان ریجن میں بھی موجود شہداء کی قبروں پر پاک فوج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

اس موقع پر کیپٹن عاطف حسن شہید، حولدار خرم شہید اور لانس نائیک عبدالحکیم شہید کے ورثا اور شہری بھی موجود تھے۔

شہریوں نے کہا کہ ہمارے شہداء ہمارا فخر ہیں اور ان کی تکریم میں کبھی کمی نہیں آنے دیں گے۔

گجرات

گجرات میں یوم تکریم شہداء کی مرکزی تقریب میجر عزیز بھٹی شہید کے مزار پر منعقد ہوئی، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صفدر نے کہا کہ شہداء ہمارا فخر ہیں۔

ڈی جی خان

ڈیرہ غازی خان میں پولیس لائن میں یوم تکریم شہداء کی تقریب ہوئی جس میں پاک فوج اور پولیس سمیت سول انتظامیہ کے افسران شریک ہوئے، تقریب میں شہداء اور ملک و قوم کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

چنیوٹ

چنیوٹ میں یومِ تکریم شہداء کے موقع پر یادگارِ شہداء پر پولیس کے دستوں نے سلامی دی، اس موقع پر ڈی پی او نے کہا کہ آج کے دن شہدائے پاکستان کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

فیصل آباد

فیصل آباد میں زرعی یونیورسٹی میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شہداء کے اہلخانہ، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور سول سوسائٹی کے افراد شریک ہوئے۔

تقریب کے شرکاء نے ملک کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

گوجرانوالہ

گوجرانوالہ کی پولیس لائن میں بھی یوم تکریم شہداء کی مرکزی تقریب ہوئی جس میں کور کمانڈر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر نے شرکت کی۔

تقریب میں آئی جی پنجاب عثمان انور بھی شریک ہوئے اور دونوں افسران نے یادگارِ شہداء پر پھول رکھے اور شہداء کے درجات کی بلندی اور ملکی سلامتی کے لیے دعا کی۔

کوئٹہ

کوئٹہ میں یوم تکریم شہداء کی مناسبت سے سینٹرل پولیس آفس میں تقریب ہوئی جس میں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور، وزیراعلیٰ، صوبائی وزیر داخلہ، آئی جی پولیس اور دیگر افراد نے شرکت کی، کور کمانڈر، وزیراعلیٰ اور آئی جی نے یادگارِ شہدا پر پھول رکھے۔

دیامر

دیامر میں بھی یوم تکریمِ شہدائے پاکستان منایا جا رہا ہے جس کی مرکزی تقریب ہائی سکول اور پولیس لائن میں منعقد کی گئی جبکہ آج سارا دن شہداء کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی اور دعاؤں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Advertisement