کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے نظربند 40 افراد کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
سندھ ہائی کورٹ سے تحریک انصاف کے 40 کارکنان کو بڑا ریلیف مل گیا، کیوں کہ عدالت نے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے عدالت سے کہا کہ ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں قابل سماعت نہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ درخواست قابل سماعت کی بات بعد میں کریں، پہلے بتائیں گرفتار افراد کے خلاف کیا مواد ہے، سرکاری وکلا ملزمان کے خلاف ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے۔
سرکاری وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ آپ ہمیں سن تو لیں۔
چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ آپ ہمارا حکم چیلنج کردیجیے گا، عدالت نے ایم پی او کے تحت گرفتار 40 افراد کو رہا کرنے کا حکم دے دیا اور ملزمان کو 10 ہزار روپے کے مچلکے بھی جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ میں ایم پی او کے تحت گرفتار پی ٹی آئی کے 4 کارکنان کی نظربندی کے خلاف سماعت ہوئی۔
وکیل درخواست گزار نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ دو کارکنان کو میرپور خاص اور دو کو سانگھڑ جیل میں منتقل کردیا گیا ہے، ملزمان سے فیملی کی بھی ملاقات کرائی نہیں جارہی۔
وکیل نے استدعا کی کہ ایم پی او کو غیر قانونی اور کالعدم قرار دے کر رہنماؤں اور کارکنان کو رہا کیا جائے۔
عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ میرپورخاص اور سانگھڑ کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے فیملی سے ملزمان کی ملاقات کرانے کا حکم دے دیا، جبکہ جیل سپرنٹنڈنٹ میرپورخاص اور سانگھڑ سے جواب طلب کرلیا۔