کراچی: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے سندھ ہائی کورٹ سے سپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی درخواست ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کردی۔
سندھ ہائیکورٹ میں آمدن سےزائداثاثے بنانے کے خلاف سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی درخواست ضمانت پرسماعت ہوئی ، نیب اور آئی جی جیل خانہ جات قاضی نذیر نے جواب عدالت میں جمع کرادیا۔
نیب کی جانب سے جمع کرائےگئے جواب میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ ملزم بااثر ہے، ریفرنس کےگواہوں پر اثر انداز ہوسکتا ہے، ملزم سراج درانی کی درخواست ضمانت مسترد کی جائے۔
نیب کے مطابق آغاسراج درانی و دیگر کے خلاف دائر ریفرنس میں رقم 500 ملین سے زائد کی ہے، آغا سراج درانی نے فیملی ممبرز، ملازمین اور فرنٹ مینز کے ذریعے آمدن سے زائد اثاثے بنائے۔
دوران سماعت آغا سراج درانی کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ سراج درانی ایک سال سےجیل میں ہیں، ضمانت منظورکی جائے، عدالت نے کہا کہ سراج درانی کب سےجیل میں ہیں، تفصیلات پیش کی جائیں۔
سنٹرل جیل کراچی نے سراج درانی سےمتعلق رپورٹ پیش کرنےکیلئے مہلت طلب کرلی ، عدالت نے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت4 مئی تک ملتوی کردی۔
محکمہ داخلہ سندھ نےسراج درانی کےگھرکوسب جیل قراردے رکھا ہے ۔