احتساب عدالت نے شاہد خاقان کیخلاف پی ایس او ریفرنس نیب کو واپس بھیج دیا

Published On 30 May,2023 11:30 am

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس نیب کو واپس بھیج دیا۔

احتساب عدالت کراچی میں پی ایس او میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس احتساب عدالت سے ٹرانسفر کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے ریفرنس ٹرانسفر کرنے سے متعلق درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے شاہد خاقان عباسی اور دیگر کے خلاف ریفرنس نیب کو واپس بھیج دیا۔

درخواست ریفرنس کے شریک ملزم شیخ عمران الحق کے جانب سے دائر کی گئی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ نیب آرڈیننس میں ترمیم کے بعد اب عدالت کا سماعت کا اختیار نہیں۔

خیال رہے کہ نیب ریفرنس میں شاہد خاقان عباسی سمیت سابق مینیجنگ ڈائریکٹر پی ایس او شیخ عمران الحق، سابق وفاقی سیکرٹری ارشد مرزا اور ستاریعقوب شامل تھے، شاہد خاقان عباسی و دیگر کے خلاف ریفرنس 2020 دائر کیا گیا تھا۔